مہر خبررساں ایجنسی نے خبررساں ادارے اے پی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہوگئے ہیں جس کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہیلری کلنٹن صدارتی امیدوار کے لئے مضبوط امیدوار بن گئی ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما اور اپنی اہلیہ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ مئی میں دماغ کے سرطان کے باعث اپنے بیٹے بیئو کی فوتگی کے صدمے کے بعد ان کے لئے انتخابی جھمیلے کے ابتدائی مرحلے اور ’کاکسز‘ جانے کے لیے طے حتمی تاریخوں یا مباحثے کے معاملے پر پورا اترنا ممکن نہیں رہا۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ مشورے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یہ مناسب وقت نہیں ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ خاموش رہیں گے۔
خیال رہے کہ جوبائیڈن گزشتہ 40 سال سے امریکہ کے سینیٹ کے رکن منتخب ہوتے آرہے ہیں، 1972 میں پہلی بار وہ ڈیلاوئیر سے پہلی بار ایوان بالا کے رکن بنے تھے۔ وہ 2 بار پہلے بھی صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے لیے انتخاب میں حصہ لے چکے ہیں مگر 1988 اور 2008 میں دونوں بار ان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آپ کا تبصرہ